Generic selectors
Exact matches only
Search in title
Search in content
Post Type Selectors
post
Home / Library / نہج الفصاحہ

نہج الفصاحہ

نہج الفصاحہ

خ

1425.  وہ شخص رسوا ہوا اورنقصان میں رہا  جس کےدل میں انسانوں کی ہمدردی نہیں۔

1426.                                   تمہارا اپنی بیوی کی خدمت کرنابھی صدقہ ہے۔

1427.                                   لوگوں کے ساتھ ان کے اخلاق کے مطابق ملو، مگر ان کے اعمال کی پیروی نہ کرو۔

1428.                                   کاموں میں تدبیر اختیار کرو اگر ان کے انجام میں اچھائی دیکھو تو انجام دو۔ اگر اس کے انجام میں سرکشی کا خوف ہوتو، اس سے ہاتھ اٹھاؤ۔

1429.                                   چھچھوروں کو معاف کرنے سے ہاتھ اٹھاؤ۔

1430.                                   اپنی استطاعت کے مطابق کام کرو، کیونکہ جب تم ملول ہوتے ہوتو خدا بھی  ملول ہوتاہے۔

1431.                                   تم میں سے پہلے ایک شخص ایک حلہ پہنے ہوئے نکلا۔ وہ اس پر فخر کرتاتھا، تو خدا نے زمین کو حکم دیا کہ اسے اپنے اندر لے لے۔ پس وہ شخص قیامت تک ہاتھ پاؤں مارتارہتاہے۔

1432.                                   پہلے زمانے کے انبیاء (ع) میں سے ایک نبی بارش کی دعاکے لئے لوگوں کے ساتھ نکلے۔ انہوں نے ایک چیونٹی کو دیکھا کہ اپنے ہاتھوں کو بلند کئے دعا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپس ہوجاؤ۔ خدا نے اس چیونٹی کی خاطر تمہاری دعا قبول کرلی ہے۔

1433.                                   ہر حکمت کا سرچشمہ خوفِ خدا ہے اور پرہیزگاری تمام اعمال کی سردار ہے۔

1434.                                   جوکوئی لوگوں میں پہنچاناجاتاہے ، وہ مصیبت میں مبتلا ہوتاہےاور جو غیر معروف ہو، آرام سے زندگی گزارتاہے۔

1435.                                   مومن میں دو خصلتیں جمع نہیں ہوسکتیں۔ بخل اور بداخلاقی۔

1436. منافق میں دو صفات جمع نہیں ہوسکتیں ۔ دین کی سمجھ اور نیک نامی ۔

1437.                                   دو خصلتیں ایسی ہیں جن سے بڑھ کر اور کوئی نیکی نہیں۔ اللہ پر ایمان رکھنا اور اللہ کے بندوں کو نفع پہنچانا۔

1438.                                   دوصفات جس کسی میں ہوں ، خدااسے شاکر اورصابر بندوں میں لکھے گا۔ جس میں یہ دونوں نہ ہوں ، تو خدا اسے صابر اور شاکروں میں نہیں لکھے گا۔

جو اپنے دین کے معاملے میں اپنے سے برتر کودیکھے اور اس کی پیروی کرے اور دنیا کے معاملات میں  اپنے سے کمتر کو دیکھے  اور اللہ کے دئیے ہوئے فضل پر اس کی حمد کرے ، تو خدا اسے صابروں اور شاکروں میں لکھے گا۔

اگر کوئی دین کے معاملےمیں اپنے سے کمتر کو دیکھے ، دنیا  کے معاملے میں اپنے سے برتر کودیکھے اور دنیا کے ہاتھ نہ آنے پر افسوس کرے تو خداوندِ عالم اسے صابروں اور شاکروں کی فہرست میں نہیں لکھے گا۔

1439.                                   دوصفتیں ایسی ہیں جن کے لوگ شیدائی ہوتے ہیں۔ صحت اور فرصت۔

1440.                                   میں تمہارے درمیان دو چیزیں چھوڑے جارہاہوں۔ اس کے بعد تم ہرگز گمراہ نہ ہوگے۔ ایک اللہ کی کتاب اور میری سنت، اور یہ دونوں ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گے ، یہاں تک کہ میرے پاس حوضِ کوثر پر وارد ہوں۔

 1441.   خداوندِ عالم نےمخلوق کو خلق فرمایا،تو ان کی موت، اعمال اور رزق لکھ دیا۔

1442.                                    خداوندِ عالم نے جنوں کی تین قسمیں پیدا کی ہیں۔ ایک قسم سانپ بچھواور دوسری حشرات کی شکل میں ۔

ایک قسم ہوا کی مانند ہیں اور ایک قسم پر حساب اور عتاب ہے۔

اور خدا نےانسانوں کو بھی تین قسموں پر خلق فرمایاہے۔ ایک قسم چوپایوں کی مانند ہیں۔ ایک قسم ایسی ہے جن کے جسم انسانوں  کے سے ہیں اور روحیں شیطانوں  جیسی اور ایک قسم وہ ہے جو اللہ کےزیرِ سایہ ہوں گے ، اس دن ، جب اس کے سائے کے علاوہ ، کوئی سایہ نہ ہوگا۔

1443.                                    خداوندِ عالم نے سو رحمتیں  خلق فرمائیں اور اپنی مخلوق کے درمیان صرف ایک  رحمت رکھی جس کے ذریعے وہ ایک دوسرے پر رحم کرتے ہیں، اور اپنے پاس خداوندِ عالم نے 99 رحمتیں رکھی ہیں۔

1444.                                    خداوندِ عالم نے یحییٰ بن زکریا (ع) کو ماں کے پیٹ میں مومن پیدا کیا اور فرعون کو ماں کے پیٹ میں کافر بنایا۔

1445.                                    دوصفات ایسی ہیں جنہیں خداوندِ عالم دوست رکھتاہے، اور دوصفات ایسی ہیں جنہیں خداوندِ عالم دشمن رکھتاہے۔ وہ دو صفات جنہیں خداوندِ عالم دوست رکھتاہے ، سخاوت اور درگزر کرناہے اور جن دو صفات کو ناپسند کرتاہے، بداخلاقی اور بخل ہیں۔ جب خداوندِ عالم کسی  کی بھلائی چاہتاہےتو اسے لوگوں کی ضروریات پوری کرنے میں لگاتاہے۔

1446.                                   وضو کےدوران انگلیوں کے درمیان فاصلہ دوتاکہ خدا ان کے درمیان آگ کے ذریعے فاصلہ نہ دے ۔

1447.                                    اپنی داڑھی میں خلال کرو اور ناخن کاٹ لوکیونکہ گوشت اور ناخن کے درمیان شیطان چلتاہے۔

1448.                                    پانچ چیزوں کے ساتھ پانچ چیزیں لازم ہیں۔ جب بھی کسی قوم نے وعدہ خلافی کی ، تو خدا نے ان پر دشمن کو مسلط کیا۔ جب بھی لوگوں نے اللہ کے نازل کئے ہوئے حکم کے بر  خلاف فیصلہ کیا، تو ان کے درمیان فقرواحتیاج ظاہر ہوئی ۔ جب بھی لوگوں کے درمیان فوحش رواج پاگئے تو ناگہانی اموات زیادہ ہوئیں        ۔ اور جب بھی کم فروشی کی گئی ، نباتات میں کمی ہوئی اور قحط سے دوچار ہوئے اور جب زکٰوۃ روکنے لگے توخشک سالی میں مبتلا ہوئے۔

1449.                                    پانچ چیزیں دنیا کی مصیبتوں  میں سے ہیں۔ دوست کا مرنا، مال کا ضائع ہونا، دشمنوں کا ملانت کرنا، علم کا حصول چھوڑنا اور بری عورت۔

1450.                                    پانچ چیزوں سے روزہ ٹوٹتاہے اور وضو باطل ہوتاہے ۔جھوٹ ، غیبت ، چغلی ، بُری نظرسے دیکھنا اور جھوٹی قسم کھانا۔

1451.                                    پانچ دعائیں قبول کی جاتی ہیں۔ مظلوم کی دعا، یہاں تک کہ مددکی جائے۔ حاجی کی دعا، جب تک کہ وہ واپس لوٹ آئے۔ غازی کی دعا، یہاں تک کہ واپس پہنچے۔ بیمار کی دعا، یہاں تک کہ وہ شفاء پائے۔ مومن کی ، کسی دوسرے مومن کی بھائی کی غیرموجودگی میں، اس کے لئے دعا۔ ان تمام میں سے سب سے جلدی وہ دعاقبول کی جاتی ہے، جو ایک مومن دوسرے غائب مومن بھائی کےلئے مانگتاہے۔

1452.                                    پانچ چیزوں کا کوئی کفارہ نہیں۔ اللہ کا شریک ٹھہرانا، بغیر حق کے کسی کو قتل کرنا، مومن پر تہمت لگانا، میدانِ جنگ سے بھاگ جانا، جھوٹی قسم جس کے ذریعے کسی کا مال  ناحق چھین لیاجائے۔

1453.                                    پانچ چیزیں ایمان میں سے ہیں۔جس کسی کے پاس ان میں سے ایک نہ ہو، اس کا کوئی ایمان نہیں۔ اللہ کے حکم کے سامنے سرتسلیم خم کرنا، اللہ کے فیصلے پر خوش ہونا، اپنے امور کے اللہ کے لئے تقویض کرنا، اللہ پر توکل کرنا اوراولین صدمےپر صبر اختیار کرنا۔

1454.                                    پانچ چیزیں انبیاءؑ کی سنت میں سے ہیں۔حیاء ، بردباری، حجامت، مسواک اور خوشبو لگانا۔

1455.                                    پانچ چیزیں کمر شکن ہیں۔

والدین کی نافرمانی ، وہ عورت جس پر شوہر اعتمادکرے مگروہ خیانت کرے، وہ حکمران جس کی عوام                              کریں مگروہ اللہ کی نافرمانی کرے، وہ شخص جو اپنے آپ کے ساتھ وعدہ کرے کہ نیک کام کرے گا مگر وعدہ خلافی کرے، اور لوگوں کے نسب کے بارے میں کسی کا بدگوئی کرنا۔

1456.                                     پانچ چیزوں کی سزا خدا بہت جلد دیتاہے۔ بغاوت ، غدر، والدین کی نافرمانی ، قطع رحمی اور نیکی کرنے پرنا شکری کرنا۔

1457.                                    تمہارے حکمرانوں میں سے بہترین وہ ہیں، جنہیں تم دوست رکھتے ہو اور وہ تم کو دوست رکھتے ہوں ، وہ تمہارے لئے دعا کرتے ہوں اور تم ان کے لئےدعاکرتے ہوں۔ تمہارے بدترین حکمران وہ ہیں جو تمہیں ناپسند کریں اور انہیں تم ناپسند کرو، وہ تم سے بیزار ہوں اور  تم ان سے بیزار ہو۔

1458.                                    مومنین میں سے بہترین وہ ہے جو قناعت کرتاہےاور بدترین وہ ہے جو لالچ کرتاہے۔

1459.                                     میری امت کے بہترین وہ لوگ  ہیں، جنہیں  جب غصہ آتاہے توجلدہی ان کا غصہ ختم بھی ہوجاتاہے۔

1460.                                    میری امت کے بہترین لوگ علماء   ہیں، اور علماء میں سے بہترین وہ ہیں جو بردبار ہیں۔

1461.                                      میری امت کے بہترین لوگ بردبار ہیں اور بہترین علماء وہ ہیں ، جو زیادہ رحم دل ہیں۔ خداوندِعالم جاہل کا ایک گناہ معاف کرنے سے قبل ، عالم کےچالیس گناہ معاف فرمائے گا۔جان لو کہ ایک رحم دل عالم، قیامت کے دن اس حالت میں آئے گا کہ اس کا نور مشرق اور مغرب کے درمیان ایک چمک دار ستارے کی مانند ہوگا اور وہ چلتے ہوئے آئے گا۔

1462.                                     میری امت کے بہترین لوگ وہ ہیں جو لوگوں کو خدا کی طرف دیں اور خدا کے بندوں کو اس کا دوست بنادیں۔

1463.                                     تم میں سے بہترین وہ ہیں جن کے اخلاق اچھے ہیں، جولوگوں سے الفت رکھتے  اورلوگ ان سے الفت رکھتے ہیں۔

1464.                                      تم میں سے بہترین وہ ہیں، جو اپنے قرضے کو صحیح ادا کرتے ہیں۔

1465.                                     تم میں سے بہترین وہ ہیں، جو لمبی عمر رکھتے ہیں اور اخلاق میں تم سے اچھے ہیں۔

1466.                                     تم میں سے بہترین وہ ہیں، جو لمبی عمر رکھتے ہیں اور ان کے اعمال نیک ہیں۔

1467.                                     تم میں سے بہترین وہ ہیں،جو اپنی خواتین کے ساتھ بہترین سلوک کرتے ہیں۔

1468.                                     تم میں سے بہترین وہ ہیں،جو اپنے اہل وعیال کے لئے اچھے ہیں۔

1469.                                     تم میں سے بہترین وہ ہیں، جنہیں دیکھ کر خدا یاد آئے، جن کی زبانوں سے تیرے علم میں اضافہ ہو اور اس کا عمل تمہیں آخرت کی طرف راغب کرے۔

1470.                                     اللہ کے نزدیک بہترین  دوست وہ  ہیں جو کہ اگر تم اللہ کو یاد کرو، توتمہاری مدد کرتے ہیں اور جب بھول جاؤ تو یاد دلاتے ہیں۔

1471.                                      اللہ کے نزدیک بہترین  دوست وہ ہے جو اپنے دوست کے لیے اچھا ہے، اور اللہ کے نزدیک بہترین ہمسایہ وہ ہے، جو اپنے ہمسایہ کے لیے اچھا ہے۔

1472.                                      تمام امور میں سے بہترین وہ کام ہے جو اعتدال کے ساتھ ہے۔

1473.                                      دنیا اور آخرت کی بھلائی علم کے ساتھ ہے اور دنیاوآخرت کی برائی جہالت کی وجہ سے ہے۔

1474.                                      بہترین ذکر وہ ہے جو پوشیدہ ہو اور بہترین رزق وہ ہے جو کفالت کرے ۔

1475.                                      بہترین رزق یہ ہے کہ دن بدن کفایت کرے۔

1476.                                      دوستوں کی بہترین تعداد چارہے ، محافظوں کی بہترین  تعداد چارسو ہے اور بہترین فوج کی تعداد چار ہزار ہے۔

1477.                                      بہترین زادِ راہ تقویٰ ہے اور دل میں جو چیز ڈال دی ہے اس میں سے بہترین چیز یقین ہے۔

1478.                                      بہترین گواہی  وہ ہے جسے  پوچھے جانے سے پہلے گواہ کہہ  دے۔

1479.                                      بہترین گواہ وہ ہے جو پوچھے جانے سے پہلے گواہی دے۔

1480.                                      بہترین مہر وہ ہے جو آسان اور کم ہو۔

1481.                                        بہترین صدقہ وہ ہے، جو تونگری باقی رکھے اور اوپر والا ہاتھ ، نیچے والے ہاتھ سے اچھا ہے ، صدقے کی ابتداء اپنے اہل وعیال سے کرو۔

1482.                                       بہترین صدقہ وہ ہے، جو کسی سخی کے ہاتھ سے دیاجائے۔

1483.                                       بہترین عبادت  وہ ہے، جو پوشیدہ بجالائی جائے۔

1484.                                       بہترین عمل  یہ ہے، کہ دنیا سے جدا ہوتے وقت تیری زبان خدا کا ذکر کرے۔

1485.                                       بہترین عمل  وہ ہےجو فائدہ دے ، اور  بہترین ہدایت وہ ہے جس کی اتباع کی جائے۔

1486.                                       بہترین پیشہ   وہ ہےجسے انسان اپنے ہاتھ سے انجام دے ، چاہے مشقت ہی ہو۔

1487.                                       بہترین مجالس  وہ ہیں ، جو وسیع ہوں۔

1488.                                      مسلمانوں میں سے بہترین وہ ہے،جس کی زبان اور ہاتھ سے مسلمان محفوظ رہیں۔

1489.                   لوگوں میں سے                      بہترین وہ ہیں ،جواخلاق میں اچھے ہیں۔

1490.                            لوگوں میں سے                                 بہترین  وہ ہیں جو قرآن بہتر پڑھتے ہیں ، اللہ کے دین کی سمجھ رکھتے ہیں، متقی ہیں، نیکی کا حکم دیتے ہیں اور برائی سے منع کرتے ہیں اور صلہ رحمی کا حق ادا کرتے ہیں۔

1491.                             لوگوں میں سے بہترین وہ ہے، جس سے لوگ زیادہ فائدہ اٹھائیں۔

1492.                             لوگوں میں سے بہترین وہ مومن ہے، جو فقیر ہے اور اپنی حیثیت کے مطابق خرچ کرتاہے۔

1493.                             لوگوں میں سے بہترین وہ ہے، جو لوگوں کو زیادہ نفع پہنچائے۔

1494.                             لوگوں میں سے بہترین وہ ہے، جس کی عمر لمبی ہو اور اعمال نیک ہوں اور بدترین شخص وہ ہے جس کی عمر لمبی ہو اور اعمال برے ہوں۔

1495.                             عورتوں میں سے بہترین وہ ہے، جن کی طرف شوہر نظر کرے تو اسے سرور ہو، جب حکم کرے تو اطاعت کریں ، اپنے نفس اور مال سے شوہر کی رضا کے خلا ف کوئی کام نہ کریں۔

1496.                             بہترین عورت وہ ہے، جو محبت کرنے والی ہے اور زیادہ بچے جننے والی ہے۔

1497.                             بہترین  بیویاں وہ ہیں ، جن کی طرف تم نظر کرو تو تمہیں خوشی ہو، جب تم حکم کرو تو اطاعت کریں اور تمہاری غیرموجودگی میں اپنے نفس اور تمہارے مال کی حفاظت کریں۔

1498.                             بہترین شادی وہ ہے جو سادگی اور آسانی کے ساتھ انجام پائے۔

1499.                             نیکی کے دروازوں میں سے صدقہ بہترین ہے۔

1500.                             تمہارے  بہترین وہ ہیں، جو تمہیں تمہارے عیوب کا تحفہ دیں۔

1501.                              مسلمانوں کے گھروں میں سے بہترین وہ ہے ، جس میں ایک یتیم پرورش پارہاہو، جس کے ساتھ نیک سلوک کیا جائےاور مسلمانوں کے گھروں میں سے بدترین وہ گھر ہے ، جس میں کوئی یتیم موجود ہو اور اس کے ساتھ برا سلوک کیاجائے۔ میں اور یتیم کی پرورش کرنے والاجنت میں ، دو انگلیوں کی طرح، ایک ساتھ ہوں گے۔

1502.                              تمہارے گھروں میں سے بہترین وہ ہے ، جس میں کوئی یتیم ہو اور اس کی عزت کی جائے۔

1503.                  تمہارے لئے بہترین دین ، پرہیز گاری ہے۔

1504.                              تمہارے دین میں  آسانی  بہترین ہے ۔

1505.                              تمہارے  بہترین نوجوان  وہ ہیں، جو بوڑھوں کی وضع میں رہتے ہیں اور تمہارے بدترین بوڑھے وہ ہیں  ، جو تمہارے نوجوانوں کی شباہت اختیار کریں۔

1506.                              مردوں کی صفوں میں سے  اولین صف بہترین  ہے اور آخری صف بد ترین ہے۔

عورتوں کی صفوں میں سے اولین صف  بدترین ہے  اور آخری صف بہترین ہے۔

1507.                              مردوں کے لئے بہترین خوشبو وہ ہے جس کی بُو ظاہر ہو اور رنگ مخفی ہو،  اور  عورتوں کے لئے بہترین خوشبو وہ ہے ، جس کا رنگ ظاہر اور بُو مخفی ہو۔

1508.                              تم میں بہترین وہ ہے ، جو دنیا میں زیادہ پرہیزگار اور آخرت کا زیادہ طلب گار ہو۔

1509.                              تمہارے درمیان وہ لوگ جو اخلاق میں تم سے اچھے ہوں اور دین کی سمجھ بھی رکھتے ہوں، وہ تم میں سے بہترین ہیں۔

1510.                              تم میں سے وہ  بہترین ہے جو اپنے قبیلے اور قوم کا دفاع کرتاہے مگر اس وقت تک جب تک وہ گناہ میں مبتلا نہ ہو۔

1511.                               تم میں سے وہ  بہترین ہیں جو اپنے اہل  کے لئےاچھےہیں اور میں اپنے اہل کے لئے تم سب سے اچھا ہوں۔ عورتوں کی عزت، ایک مردِ کریم ہی کرتاہے  اور ان کی اہانت ، ایک پست شخص کرتاہے۔

1512.                               تم میں سے بہترین  وہ  ہے جو اپنی عورتوں کے لئے اچھا ہے۔

1513.                               تم میں سے بہترین  وہ  ہے جو اپنی عورتوں اور بیٹیوں کے حق میں اچھا ہے۔

1514.                               تم میں سے بہترین  وہ  ہے ، جس کی خدا نے اس کے نفس پر قابوپانے میں مدد کی ہو۔

1515.                               تم میں سے بہترین  وہ  ہے جو قرآن کی تعلیم حاصل کرے اور دوسروں کو سکھائے۔

1516.                               تم میں سے بہترین  وہ  ہے جو اپنی دنیا کے لئے آخرت کو ترک نہ کرے اور نہ ہی آخرت کی خاطر دنیا کو ترک کرے اور نہ ہی لوگوں پر بوجھ بنے۔

1517.                               تم میں سے بہترین  وہ  ہے جس سے بھلائی کی امید رکھی جائے اور لوگ اس کی برائی سے مامون ہوں اور تم میں سے بدترین وہ ہیں جن سے بھلائی کی توقع نہ ہو اور نہ ان کے شر سے امان ہو۔

1518.                               مرد کے لئے بہترین مصروفیت تیراکی ہے اور عورت کے لئے بہترین مصروفیت چرخہ ہے۔

1519.                               لوگوں کوجو بہترین چیز دی گئی ہے وہ حسنِ سلوک ہے۔

1520.                               کسی شخص کو جو بہترین چیز دی گئی ہے ، وہ حسنِ خلق ہے اور کسی شخص کو جو بدترین چیز دی گئی ہے ، وہ اچھی شکل کے ساتھ بُرا دل ہے۔

1521.                                وہ چیز اچھی ہے ، جو دل میں یقین پیدا کرے۔

1522.                                بہترین چیزیں، جنہیں انسان اپنے بعد چھوڑجاتاہے، تین ہیں ۔ صالح اولاد، جو اس کےلئے دعامانگے۔ صدقہ جاریہ ، جس کا ثواب ملتارہے اور فائدہ مند علم ، جس سےلوگ اس کےبعد فائدہ اٹھائیں۔

1523.                                عورتوں کے لئے بہترین مسجد، گھرکے اندرونی حصے ہیں ۔

1524.                                میری امت کی عورتوں میں سے بہترین وہ ہیں ، جو خوبصورت ہیں اور ان کا مہر کم ہے۔

1525.                                تمہاری عورتوں میں سے بہترین عورتیں وہ ہیں ،جو پاکدامن ہیں اور اپنے شوہروں کی طرف راغب ہیں۔

1526.                               تمہاری عورتوں میں سے بہترین وہ ہیں ،جو محبت کرنے والیاں ہیں اور اولاد پیدا کرنے والیاں ہیں ، شوہر کی شریک اور اطاعت گزار ہیں بشرطیکہ وہ تقویٰ رکھتی ہوں۔

اورتمہاری عورتوں میں سے بدترین عورتیں وہ ہیں ،جو متکبر ہیں ، بناؤ سنگھار کی نمائش کرنے والیاں ہیں۔ یہی تو منافق ہیں ، ان کی بہت کم تعداد جنت میں جائے گی، جس طرح سفیدپٹی والے کوے کمیاب ہیں۔

1527.                            عورتوں میں سے بہترین وہ ہیں ،جن کا مہر آسان اور کم ہے۔

1528.                                مجھے اختیار دیاگیاہے کہ شفاعت کا حق لے لوں،  یا نصف امت کے جنت جانے کو قبول کروں ، تو میں نے شفاعت کا حق لے لیا کیونکہ یہ زیادہ عام اور کفایت رکھتاہے۔ تمہارا یہ خیال ہے شفاعت مومنین متقین کے لئے ہوگی؟ نہیں ،  بلکہ گناہ گاروں اور معصیت کاروں کے لئے ہے۔

1529.                                حضرت سلیمانؑ  کو مال ،دولت اور علم پر اختیار دیاگیا، تو انہوں نے علم کو لیا ، تو علم اختیار کرنے کی بناء پر مال اور حکومت بھی انہیں دے دی گئی ۔

1530.                                اچھا آدمی اچھی خبر لاتاہے اور بُرا آدمی بُری خبر لاتاہے۔

1531.                                 سختی ، بدبختی ہے اور نرمی ، برکت ہے۔

1532.                                 صاف اور خوش خط تحریر ، حق کو زیادہ واضح کرتی ہے۔

1533.                                 حسنِ اخلاق گناہوں کو اس طرح پگھلادیتاہے، جس طرح پانی برف کو پگھلادیتاہے اور بداخلاقی اعمال کو اس طرح باطل کرتی ہے، جیسے سرکہ شہد کو۔

1534.                                 تمام مخلوق اللہ کی عیال ہے، پس وہ شخص اللہ کا پسندیدہ ہے، جو اس کے عیال کو زیادہ نفع پہنچاتاہے۔

1535.                                 شراب تمام بُرائیوں کی جڑ ہے۔ جوکوئی بھی اسے پیئےگا، تو چالیس دن تک اس کی نماز قبول نہیں کی جائے گی۔ اگر کوئی اس حالت میں مرجائے کہ شراب اس کے پیٹ میں ہو، تو اس کی موت جاہلیت پر واقع ہوگی۔

1536.                                 شراب تمام بے حیائیوں کی جڑ ہے۔ اور تمام گناہانِ کبیرہ میں سے شراب پینا بڑا گناہ ہے۔ اس کا پینے والا ماں ، بہن اور خالہ کے ساتھ بھی زنا کرتاہے۔

1537.                                 شراب تمام گناہوں کا مجموعہ ہے۔

1538.                                 خیانت ، فقر کو جاری رکھتی ہے۔

1539.                                 نیکی بہت زیادہ ہے ، مگر اس پر عمل کرنے والے بہت کم۔

1540.                                 بھلائی تمہارے بزرگوں کے ساتھ ہے۔

1541.                  نیکی قیامت تک گھوڑوں کی پیشانیوں سے وابستہ ہے اور گھوڑوں کا خرچ ضروریات میں سے ہے ، اسے نہ روکا جائے۔

1542.                                 نیکی اور فائدہ قیامت تک گھوڑوں کی پیشانی سے وابستہ ہے۔

1543.                                 نیکی اور کامیابی قیامت تک گھوڑوں کی پیشانی سے وابستہ ہے، گھوڑے پالنے والے ان کی وجہ سے مدد حاصل کرتے ہیں  اور ان پر خرچ کرناصدقہ دینے کے برا بر ہے۔

1544.                                  نیکی قیامت تک گھوڑوں کی پیشانی سے وابستہ ہے،اور اس  کے پالنے والے ان کی وجہ سے مدد حاصل کرتے ہیں  ، ان کی پیشانیوں پر ہاتھ پھیرو، ان کے لئے برکت چاہو اور کوئی چیز ان کی پیشانی پر لٹکاؤ لیکن کمان کے تار کےذریعے نہ باندھنا۔

1545.                                  اپنے مریضوں کا علاج صدقہ کے ذریعے کرو کیونکہ صدقہ بیماریوں اور امراض کو دور کرتاہے۔

1546.                                  پہلی والی امتوں کی بیماریوں تم  پر سرایت کرگئی ہیں ۔ حسداور دشمنی ، یہ دونوں کاٹنے والی ہیں۔ بال کاٹنے والی نہیں، بلکہ دین کاٹنے والی۔ قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضے میں میری (محمد (ص) کی جان ہے، تم جنت میں داخل نہیں ہوسکتے مگر یہ کہ ایمان لاؤ  اور تم ایمان نہیں لاسکتے مگریہ کہ ایک دوسرے سے محبت کرو۔  کیا میں تمہیں ایک ایسی بات نہ بتادوں کہ اگر تم اسے بجا لاؤ تو تمہارے درمیان محبت بڑھے ، وہ یہ ہےکہ تم ایک دوسرے کو سلام کہو۔

1547.                                  میں جنت گیا تو دیکھا، اس  میں اکثریت سادہ لوحوں کی تھی۔

1548.                                  میں جنت میں داخل ہواتو دیکھااس کے دروازے پر لکھا تھا”صدقہ کا ثواب دس گنا ہےاور قرض کا ثواب اٹھارہ گنا ہے۔” میں جبریلؑ سے پوچھا کہ یہ کیونکر ہواکہ صدقہ کا ثواب دس گنا اور قرض کا اٹھارہ گنا۔ انہوں نے کہا کہ اس لئےکہ صدقہ کسی ضرورت مند یا غیر ضرورت مند کے ہاتھوں میں جاسکتاہے، لیکن قرض اسی کے ہاتھ میں جاتاہے ، جو اس کا محتاج ہے۔

1549.                                  میں جنت میں داخل ہواتو میں نے اس کے دونوں گالوں پر تین سطریں لکھی ہوئی دیکھیں ۔ پہلی سطر میں  ” لاالہ الا اللہ محمدرسول اللہ” دوسری سطر میں “جسے ہم نے پہلے بھیجااسے پایا، جسے ہم نے کھایااس کا نفع پایااور جسے ہم نے پیچھے چھوڑا ، اس کا نقصان ہوا۔” اور تیسری سطر پر لکھا تھا” گناہ گار امت اور بخشنے والاپروردگار۔”

1550.                                  ایک عورت ایک بلی کی وجہ سے جہنم میں گئی ، جسے اس نے باندھ رکھاتھا، اور اسے کھانے پینے کو کچھ نہیں دیتی تھی ۔ وہ ہ زمین سے مٹی کھاتی تھی ، یہاں تک کہ وہ  مرگئی۔

1551.      اگر ایک درھم خرچ کرتاہے، تو یہ اس سے بہتر ہے کہ مرتے وقت ایک غلام کو آزاد کرے ۔

1552.     کسی  کا جانتے ہوئے سود کا ایک درھم کھانا، خدا کے نزدیک 36 زنا سے بد تر ہے۔

1553.     کسی بھائی کی غیر موجودگی میں اس کے لئے دعا مانگی جائے  ، تورد نہیں ہوتی۔

1554.    جس  کے ساتھ نیکی کی جائے ، وہ نیکی کرنے والے کے لئے دعا مانگے ، تو رد نہیں ہوتی۔

1555.      کسی مسلمان کی غیر موجودگی میں اس کے لئے دعا مانگی جائے ، تو قبول کی جاتی ہے۔ اس کے سر کے پاس ایک فرشتہ موکل ہوتاہے اور وہ شخص جب بھی اپنے مومن بھائی کے لئے  دعامانگتاہے، تو وہ فرشتہ کہتا ہے”آمین اور تجھے بھی ایسا ہی ملے۔”

1556.           باپ کی دعا ، بیٹے کے لئے اس طرح ہے جیسے نبی کی دعا امت کے لئے۔

1557.   قیل وقال ، سوال کی کثرت اور مال کا ضیاع کرنا چھوڑدو۔

1558.  جو مشتبہ ہے اسے چھوڑدو اور جو مشتبہ نہیں ، اسے لے لوکیونکہ سچائی نجات کا باعث ہے۔

1559.    جو مشتبہ ہو اسے چھوڑدو اور جو مشتبہ نہیں ہے ، اسے لےلوکیونکہ جوچیز خدا کے لئےچھوڑ دی جائے ، اس کے فقدان کا احساس نہیں کرناچاہیے۔

1560. جو چیزیں مشتبہ ہیں ، انہیں چھوڑدو اور جوغیر مشتبہ ہیں ، انہیں لے لو کیونکہ گڑھے کے ارد گرد بکریاں چرانے والا ، ہوسکتاہے کہ اس میں گرپڑے ۔

1561.        بانجھ خوبصورت عورتوں کو چھوڑدو، بچے جننے والی کے ساتھ شادی کرو، چاہے کالی ہی کیوں نہ ہوکیونکہ قیامت کےدن میں تمہاری کثرت پر فخر کروں گا۔

1562.     دنیا کو اس کے اہل کے لئے چھوڑدو کیونکہ جوکوئی دنیا کو اپنی ضرورت سے زیادہ لیتاہے، اپنی موت لے لیتاہے جبکہ اسے اس کا شعور نہیں ہوتا۔

1563.         لوگوں کو رہنے دو کہ خداوندِ عالم بعض کو، بعض کے ذریعے رزق دیتاہے۔

1564.      لوگوں کو ایک دوسرے سے فائدہ اٹھانے دو، جب کبھی تم سے کوئی تمہارا بھائی مشورہ اور نصیحت چاہے ، تو لازم ہے کہ اسے نصیحت کرے۔

1565.  مظلوم کی دعا قبول کی جاتی ہے، چاہے وہ فاجر ہی کیوں نہ ہو، اس کا فجور ، اس کی ذات کے لئے ہے۔

1566.       دودعاؤں اور اللہ کے درمیان کوئی حجاب نہیں ہوتا۔ایک تو مظوم کی دعا اور دوسرے اس شخص کی دعا جواپنے کسی بھائی کے لئے، اس کی غیرموجودگی میں کرے۔

1567.      پوشیدہ طور سے ایک دعا، اعلانیہ طور سے 70 دعاؤں کے برابر ہے۔

1568.   نیکی کی رہنمائی کرنا، خود اس کی نیکی کرنے کے برابر ہے۔

1569.    جس طرح بھی  تم خدا کی کتاب سے  وابستہ رہ سکتے ہو، وابستہ رہو۔

1570.         وہ دینار جسے اللہ کی راہ میں خرچ کیا، وہ دینار جسے کسی غلام کے آزاد کرنے میں خرچ کیا، وہ دینار جوکسی مسکین کو صدقہ   دیا اور وہ دینار جو اپنے اہل وعیال پر خرچ کیا، ان تمام میں سے اجر کے حساب سے وہ دینار عظیم ہے ، جسے اپنے اہل پر خرچ کیا۔

1571.   آدمی کا دین ، اس کی عقل ہے۔ جس کی عقل نہیں ، اس کا کوئی دین نہیں۔

1572.   گھر، حرم ہے۔ جو کوئی بھی تمہاری اجازت کے بغیر ، تمہارے حرم میں داخل ہو، اسے قتل کرو۔

1573.     دعا کرنے والا اور آمین کہنے والا، اجر میں برابر ہیں۔ قاری اور قرات سننے والا اجر میں برابر ہیں۔ اسی طرح عالم اور متعلم بھی اجر میں برابر ہیں۔

1574.    نیکی کی دلالت کرنے والا، اس کے بجا لانے والے کی طرح ہے اور خداوندِ عالم بیماروں کی فریاد رسی کو دوست رکھتاہے۔

1575.    اذان اور اقامہ کے درمیان کی دعا، رد نہیں کی جاتی۔

1576.    دعا ، اللہ کے لشکروں میں سے ایک مسلح لشکر ہے، جو قضاؤں کو ٹالتاہے۔

1577.         دعا مومن کا ہتھیار ہے۔

1578.   دعارحمت کی کنجی ہے اور وضو نماز کی کنجی ہے اور نماز جنت کی کنجی ہے۔

1579.  دعا عبادت ہے۔

1580.    دعابلاؤں کو ٹالتی ہے۔

1581.      دعا قضاء کو ٹالتی ہےاور نیکی رزق میں اضافہ کرتی ہے اور بندہ اپنے کیے ہوئے گناہ کے ذریعے ، اپنی روزی سے محروم رہ جاتاہے۔

1582.    دعا قبولیت کے ساتھ نازل ہوجائے یا نہ ہو ، پھر بھی  فائدہ مند ہے۔ خدا کے بندو! دعاسے غافل نہ ہوجاؤ۔

1583. روئے زمین پر دینار اور درھم ، اللہ کے مہر ہیں۔ جو اپنے مالک کا مہر لے آتاہے، تو اس کی حاجت پوری ہوجاتی ہے۔

1584.   دنیا سبز اور میٹھی ہے۔ اس میں سے ہر ایک اپنے حق کے مطابق حصہ لے لیتاہے اور اکثر ایسے ہیں جو اس کی خواہشات میں غرق رہتے ہیں، تو ان کے لئے قیامت کے دن آگ کے علاوہ  کچھ بھی نہیں۔

1585.    اہلِ آخرت  پر دنیا حرام ہے اور اہلِ دنیا پر آخرت حرام ہے اور اہل اللہ پر دنیا وآخرت دونوں حرام ہیں۔

1586.      دنیا سبز اور شیرین ہے۔ یہاں جس کسی نے حلال طریقے سے مال کمایا اور اس کے حق کے ساتھ خرچ کیا ، خدا اسے ثواب دے گااور اسے جنت میں داخل کرے گا، اور جو اسے جنت میں داخل کرے گااور جو یہاں ما ل حرام طریقے سے کمائے اور باطل میں خرچ کرے گاتو خداوندِ عالم اسے جہنم میں داخل کرے گا۔

1587.دنیا ا س کا گھر ہے ، جس کا کوئی گھر نہیں اور اس کا مال ہے جس کا کوئی مال نہیں اوراسےوہی جمع کرتاہے ، جسے عقل نہیں۔

1588.       دنیا ادلتی بدلتی ہے ۔ اگر تجھے کچھ نفع  پہنچنا ہے تو چاہے تم کزور ہی کیوں نہ ہو ، تجھے ملے گا اور اگر تجھے کچھ نقصان پہنچنے والا ہے تو تم اسے دور نہیں کرسکتے ۔

1589.   دنیا آخرت کے سات دنوں میں سے ایک دن ہے۔

1590.     دنیا مومن کا قید خانہ ہے اور کافر کی جنت ہے۔

1591.  دنیا ایک دولت ہے اور اس کی بہترین دولت پرہیزگارعورت ہے۔

1592.  دنیا اور جو کچھ اس میں ہے، قابلِ نفرت ہے سوائے اللہ کے ذکر، نیکی کا حکم کرنے اور برائی سے روکنے کے۔

1593.            دنیاملعون ہے اور جو کچھ اس میں ہے وہ بھی ملعون ہے ، سوائے اللہ کے ذکر اور اس کے متعلقات اور عالم اور متعلم کے۔

1594.      دنیاملعون ہے اور جو کچھ اس میں ہے وہ بھی ملعون ہے ، سوائے اس کے ، جو کچھ اللہ کے لئے ہو۔

1595. دنیا  اور جو کچھ اس میں ہے ، ملعون ہے سوائے اس کے جس کے  ذریعے خدا کی خوشنودی طلب کی جائے۔

1596.                                   دوا، تقدیر کے وسائل میں سے ہے۔  بعض اوقات خدا کی اجازت سے فائدہ دیتی ہے۔

1597.   نامہ اعمال تین قسم کے ہیں۔

ایک نامہ اعمال توایسا ہے جسے خداوندِ عالم معاف نہیں کرے گا اور ایک ایسا نامہ اعمال ہے جسے خدا اہمیت نہیں دے گااور ایک وہ جسے خداوندِ عالم ہرگزہرگز نہیں چھوڑے گا۔ پس وہ نامہ اعمال جسے اللہ معاف نہیں کرے گا، کسی کو خدا کا شریک قرار دینا ہے اور

1598.   وہ نامہ اعمال جس کی پرواہ نہیں کرے گا ، وہ ایسے اعما ل کا اندراج ہے جس میں بندے نے اپنے اوپر  ظلم کیا ہواور ان کا تعلق اللہ اور بندے کے درمیان ہو، جیسے نماز اور روزہ  چھوٹ گئے ہوں، انہیں خداوندِ عالم معاف کرے گا، اگر چاہے۔ اور وہ نامہ اعمال جس میں سے کچھ بھی نہیں چھوڑے گا ، وہ بندوں کا ایک دوسرے پر ظلم ہے اور قطعی طور پر اس کی تلافی کی جائے گی۔

1599.   دین سراسر خیر خواہی کا نام ہے۔

1600.     قرض کی دو قسمیں ہیں ۔ جو شخص مرجائے اور قرض ادا کرنے کی اس کی واقعی  نیت تھی تو میں اس کا ضامن ہوں، اور جو شخص اس حالت میں مرجائے کہ قرض ادا کرنے کی نیت نہ رکھتاہو اور ادا کئے بغیر مرجائے تو اس کے نیک اعمال میں سے اٹھا کر حقدار کو دیئے جائیں گے، کیونکہ اس دن درھم اور دینار تو موجود نہیں ہوں گے۔

1601.      قرضہ ، روئے زمین پر خدا کا پرچم ہے، جسے ذلیل کرناچاہتاہے، اس کے گلے میں ڈال دیتاہے۔

1602.                                   قرض ، دین کی خواری کا باعث ہے۔

1603.      قرض رات کو پریشانی کا باعث اور دن کوذلت کا سبب ہے۔

1604.                                   قرض انسان کی عظمت ، اور  دین کو کم کرتاہے۔

Generic selectors
Exact matches only
Search in title
Search in content
Post Type Selectors
post