ث
1208. تین چیزوں کے بارے میں قسم کھاتاہوں، خداوندِ عالم نے اس شخص کو ، جس کا اسلام میں حصہ ہے، اس شخص کے برابرنہیں کیا ، جس اسلام میں حصہ نہیں ہے۔ اسلام کے حصے تین ہیں۔ نماز ، روزہ اور زکٰوۃ ۔ دنیا میں خدا جس بندے کے ساتھ محبت کرتاہے، قیامت میں اسے دوسرے کی سرپرستی میں نہیں دیتا۔ کوئی شخص جس قوم سے بھی دوستی رکھتا ہے، خدا اسے انہیں میں سے قرار دیتاہے۔ اور چوتھا یہ ہے کہ اگر میں قسم کھاؤں ، تو خوف آتاہے کہ میں گناہ گار نہ ہوجاؤں،یہ کہ اللہ تعالیٰ دنیامیں جس کی پردہ پوشی کرے گا، قیامت میں بھی اس کی پردہ پوشی کرے گا۔
1209. تین چیزوں کو جانتاہوں کہ وہ حق ہیں۔ جوشخص اپنے اوپرہونے والے ظلم کو بخش دے گا، تو خدا اس کی عزت میں اضافہ کرے گا۔
جب ایک شخص اپنے اوپر سوال کا دروازہ کھولے گا کہ اس کےذریعے مال کی کثرت ہو، تو خدا اس کے فقر میں اضافہ کرتاہے۔
جب ایک شخص خدا کی خاطر صدقہ دینے کا دروازہ کھولتاہے ، تو خداوندِ عالم اس کے مال میں اضافہ کرتاہے۔
1210. تین چیزیں ایسی ہیں جن کے بارے میں قسم کھاتاہوں، صدقہ دینے سے مال کم نہیں ہوتا، پس تم صدقہ دو اور جس شخص پرظلم ہواہےاگروہ معاف کردے تو خدا اس کے ذریعے اس کی عزت میں اضافہ کرتاہے، پس تم معاف کرو اور جو شخص لوگوں سے سوال کرنے کا دروازہ اپنے لیے کھولتاہے، تو خداوندِ عالم اس کے لئے فقرواحتیاج کا دروازہ کھولتاہے۔
1211. تین چیزوں کے بارے میں قسم کھاتاہوں۔ صدقہ دینے سے مال کم نہیں ہوتا، اورکسی بندے پر ظلم ہوتاہےااوروہ اس ظلم پر صبر کرتاہے، تو خدا وندِ عالم اس کی عزت میں اضافہ کرتاہے، اور جب ایک بندہ اپنے لئے سوال کرنے کا دروازہ کھولتاہے، تو خداوندِ عالم اس کے لئے فقرکا دروازہ کھولتاہے۔
میں تمہیں ایک بات بتاتاہوں، تم اسے یاد رکھو۔ بے شک دنیا چار افراد کے لئے ہے، ایک وہ شخص جسے اللہ تعالیٰ نے مال اور علم دیاہے، وہ اس بارے میں اپنے رب سے ڈرتاہے اس کے ذریعےصلہ رحمی کا حق اداکرتاہے اور جانتاہے کہ اس میں اللہ کا بھی حق ہےتویہ بہترین منزل ہے۔
اورایک بندہ ایسا ہے جسے علم دیاگیاہےمگر مال نہیں دیا، اس کی نیت سچی ہےاور وہ کہتاہےکہ اگر میرے پاس مال ہوتاتو میں بھی فلاں کی طرح خرچ کرتا، یعنی وہ اپنی نیت کے ساتھ اجر میں دوسروں کے برابر ہے، یعنی دونوں اجر میں برابر ہیں۔
اور ایک شخص ایسا ہے جسے خدا نے مال دیاہےاور علم نہیں دیا ہے لہٰذا وہ مال کو بغیر علم کے خرچ کرتاہے اپنے پروردگار سے نہیں ڈرتا، نہ صلہ رحمی کا حق ادا کرتاہے نہ یہ جانتاہے کہ اس میں اللہ کا بھی کوئی حق ہے، پس ایسا شخص بہت پست مقام رکھتاہے۔
اور ایک بندہ ایسا ہے ، جسے نہ مال ملا ہے نہ علم اور وہ کہتاہے کہ اگر میرے پاس مال ہوتاتو میں فلاں کی طرح خرچ کرتا، وہ اپنی نیت کی پیروی کرتاہے، ان دونوں کا گناہ برابر ہے۔
1212. جب تین چیزیں واقع ہوں گی تو قیامت بپا ہوگی۔ جب آباد کو ویران اور ویران کو آباد کیا جانے لگے۔ نیکی، بدی کہلائےاور بدی ، نیکی کہلائے اور آدمی امانت کے ساتھ اسی طرح کھیلے ، جیسے اونٹ درخت کے ساتھ کھیلتاہے۔
1213. خداوندِ عالم پر حق بنتاہے کہ تین آدمیوں کی مدد کرے ، اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والا، غلام جو قیمت ادا کرکے آزاد ہوناچاہتاہے اور پاکدامنی چاہتے ہوئےنکاح کرنے والا۔
1214. تین قسم کے لوگ قیامت کے دن عرش الہٰی کے زیرِ سایہ ہوں ، جس دن سوائے اس کے سائے کے اورکوئی سایہ نہیں ہوگا، صلہ رحمی کا حق ادا کرنے والا، خدا اس کے رزق میں اضافہ کرتاہے ، اجل کو ٹالتاہے۔
اور ایک عورت جس کا شوہر مرجائے اور یتیم چھوٹے بچے رہ جائیں، وہ عورت کہہ دے کہ میں اپنے بچوں کی موجودگی میں شادی نہیں کروں گی، یہاں تک کہ یہ مرجائیں یا اللہ انہیں بے نیاز کرے۔
اور ایک ایسا بندہ جو کھانا تیار کرکے مہمانوں کو بلائے، ان کی تواضع کرے، یتیموں اور مسکینوں کو خدا کی رضا کے لئے کھاناکھلائے۔
1215. تین قسم کے لوگوں پر خداوندِ عالم نے جنت حرام کی ہے۔ شرابی، ماں باپ کانافرمان ، اور دیوث ، وہ شخص جو اپنے گھروالوں سے بدکاری کراتاہے۔ (دیوث وہ بے غیرت شخص جو اپنی محرمات کو حرام کاری میں لے جاتاہے.1216. تین قسم کے افراد ایسے ہیں جن کی نماز ان کے کانوں سے بلند نہیں ہوتی۔ بھاگاہوا غلام یہاں تک کہ واپس آئے، وہ عورت جس کا شوہر ناراض ہو کر رات گزارے، کسی قوم کا لیڈر جسے عوام ناپسند کرتے ہوں۔
1217. تین قسم کے افراد ایسے ہیں جس کی آبرو قابلِ احترام نہیں۔ کھلم کھلا فسق کرنے والا، ظالم لیڈر اور بدعت ایجاد کرنے والا۔
1218. تین چیزوں کے بارے میں نہیں پوچھاجائے گا (یعنی بغیر سوال وجواب کے جہنم رسید ہوگا) وہ شخص جس نے جماعت سے علیحدگی کی، اپنے رہنما کی نافرمانی کی اور اسی حالت میں مرگیا۔
کنیز یاغلام، جو اپنے مالک سے بھاگ جائیں اور مرجائیں۔
وہ عورت جس کا شوہر پردیس میں ہے اور عورت کو اخراجات وافر دے گیا ہےاور وہ عورت اس سے آرائش کرتی پھرے، ایسے لوگوں سے نہیں پوچھا جائے گا۔
1219. تین آدمیوں کو خداوندِ عالم پسند نہیں کرتا۔ ایسا شخص جو کسی ویرانے میں گھر بنائے ، ایسا شخص جو راستے کے کنارے رہائش اختیار کرے، ایسا شخص جو مویشی کو کھلاچھوڑدے اور خداسے دعا مانگے کہ اسے بھاگنے نہ دے ۔
1220. تین قسم کے آدمیوں اور جہنم میں کوئی پردہ نہیں ۔ احسان جتانے والا، والدین کا نافرمان اور شراب خور۔
1221. تین قسم کے لوگ کبھی بھی جنت میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔ دیوث، مردنماعورتیں اور شرابی۔
1222. تین قسم کے لوگ جنت میں داخل نہیں ہوں گے۔ والدین کا عاق، دیوث اور ،مردنماعورتیں۔
1223. تین قسم کے لوگ جنت میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔ قطع رحمی کرنے والے، سحر جادوکی تصدیق کرنے والا اور شرابی۔
1224. تین قسم کے لوگوں کی دعا خداوندِ عالم رد نہیں کرتا۔ اللہ کا ذکر کثرت سے کرنے والا،مظلوم اور عادل حکمران۔
1225. تین قسم کے لوگ جنت کی خوشبو نہیں پاسکیں گے۔ ایسا شخص جو اپنے باپ کے علاوہ اورکسی سے منسوب ہو، جو شخص مجھ پر جھوٹ باندھے، جوشخص دیکھنے کے باوجودجھٹلائے۔
1226. تین آدمیوں کے حق کو منافق کے علاوہ اور کوئی ہلکا نہیں سمجھتا۔ سفید ریش مسلمان بوڑھے، صاحبانِ علم، عادل حکمران۔
1227. تین قسم کے لوگوں کی نماز قبول نہیں ہوگی اور نہ ان کی کوئی نیکی آسمان پر بلند کی جائے گی، بھاگاہواغلام یہاں تک کہ لوٹ آئے، وہ عورت جس کاشوہر ناراض ہو، یہاں تک کہ شوہر راضی ہوجائے، نشے میں مست، یہاں تک کہ ہوش میں آئے۔
1228. تین آدمیوں کو خداوندِ عالم قیامت کے دن قبول نہیں کرے گا اور نہ ان کےلئے متبادل کچھ قبول کرے گا۔ عاق، احسان جتانے والااور تقدیر کوجھٹلانے والا۔
1229. تین قسم کے لوگوں کےساتھ خداوندِ عالم قیامت کے دن بات نہیں کرےگا اور نہ ان کی طرف دیکھے گا۔ ایسا شخص جو اپنے مال کی خرید سے زیادہ قیمت پر خریدنے کی قسم کھائے، ایسا شخص جو لوگوں کامال ہضم کرنے کے لئے جھوٹی قسم کھائے، وہ شخص جو اپنا فاضل پانی دوسروں دینے سے منع کرے۔ خداوندِ عالم فرماتاہے آج کے دن میں منع کروں گاجیسا کہ تم نے اس چیز کو روکا ، جس کے بنانے میں تمہارا ہاتھ نہیں تھا۔
1230. قیامت کے دن تین قسم کے لوگوں کے ساتھ خداوندِ عالم بات نہیں کرے گااور ان کے لئے دردناک عذاب ہوگا۔ بوڑھا زانی ، جھوٹا بادشاہ اور متکبر فقیر۔
1231. تین آدمی ، قسم کے لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں کرتے۔ آزاد، غلام کے ساتھ۔ عالم،جاہل کے ساتھ اور طاقتور، کمزور کے ساتھ۔
1232. قیامت کے دن خداوندِ عالم تین آدمیوں کی طرف نظر نہیں کرے گا۔ بوڑھا زانی ، وہ شخص جو قسم کو اپنا سرمایہ بنائے اور ہر جھوٹ اورسچ کےموقع پر قسم کھائے اور متکبر فقیر۔
1233. قیامت کے دن خداوندِ عالم تین قسم کے لوگوں کی طرف نظر نہیں کرے گا۔ والدین کا عاق، وہ عورت جو مردوں کی شباہت اختیار کرے اور دیوث مرد۔
1234. تین قسم کے لوگوں کی طرف قیامت کے دن خداوندِ عالم طرف نظر نہیں کرے گا اور نہ انہیں پاک کرے گااور ان کے لئے دردناک عذاب ہوگا۔ بوڑھا زانی ، متکبر فقیر اور وہ شخص جو اپنے خرید اور فروخت میں قسمیں کھائے۔
1235. تین چیزیں ایسی ہیں جن کے ساتھ کوئی نیکی فائدہ نہیں پہنچاسکتی ۔ اللہ کے ساتھ کسی کوشریک قراردینا، والدین کی نافرمانی اور میدانِ جنگ سے فرار ہونا۔
1236. تین چیزیں سعادت مندی اور تین چیزیں بدبختی کا باعث ہیں۔ (1) نیک عورت جسے دیکھ کر تجھے خوشی حاصل ہو، جب تم اس سے اوجھل ہوجاتے ہوتو وہ اپنے نفس اور تیرے مال کی حفاظت کرتی ہے۔ (2) تیز رفتار سواری جو تجھے منزلِ مقصود تک پہنچاتی ہےاور (3) وسیع گھر جو تیرے لئے کشائش کرے۔ اور تین چیزیں جوبدبختی کا باعث ہے۔ (1) ایسی بیوی جو ، جب تم اسے دیکھوتو تمہیں غمگین کرے تمہارے ساتھ زبان درازی کرے ، اگر دور چلے جاؤ، تو تم اسےاپنے مال اور اس کی عفت کی امانتدار نہ جانو۔ (2) کند رفتار سواری، جسے مارو تو مشکل میں ڈالےاگر چھوڑدو تومنزل مقصود تک نہ پہنچائےاور (3) چھوٹا گھرجو تیرے لئے کفایت نہ کرے۔
1237. جو کوئی بھی تین چیزوں کا اقرار کرے گابہشت میں جائے گا۔ جو اللہ کے پروردگار ہونے پر راضی ہو، اسلام کے دین ہونے پر اورحضرت محمد (ص) کے رسول ہونے پر اور چوتھی چیز کی فضیلت شرف آسمان اور زمین کے درمیان جیسی عظیم ہے اور وہ اللہ کی راہ میں جہاد کرنا۔
1238. تین چیزیں جس کسی میں پائی جائیں اس کا ایمان کامل ہے۔ خدائی کام کے بجا لانے میں کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کی پرواہ نہیں کرتا۔ اپنے کسی عمل میں ریا کا مظاہرہ نہیں کرتا۔ جب اس کے سامنے دو کام پیش آتے ہیں ،ایک دنیا سے متعلق ہو اور دوسرا آخرت سے، تو بجائے دنیاوی کام کے، آخرت کے کام کو اختیار کرتاہے۔
1239. اللہ کے ہاں مکارم اخلاق کی نشانیاں تین ہیں۔ جو تم پر ظلم کرے ، اسے معاف کرو۔ جو تجھے محروم کرے ، اسے عطا کرو۔ جوتم سے قطع تعلق کرے ، اس کے ساتھ صلہ رحمی کرو۔
1245. تین قسم کے لوگوں کو خدا دوست رکھتاہے اور تین قسم کے لوگوں کو دشمن رکھتاہے۔ وہ شخص جو کسی گروہ کے پاس آکر اللہ کے نام سے کچھ مانگے ، اس قربت کے واسطے سے نہ مانگے، جو وہ ان کے ساتھ رکھتاہے۔ لوگ اسے کچھ نہ دیں مگرساتھ ہی ایک شخص اس طرح دے کہ سوائے اس کے اور اللہ کے،اور کسی کوخبرنہ ہو۔
اور ایک وہ شخص جو لوگوں کے ایک گروہ کے ساتھ سفر میں نکلے ، رات چھائے، سب سوجائیں اور وہ شخص اٹھ کرکتابِ خدا کی تلاوت کرے۔
ایک وہ شخص جوکسی جنگ میں دشمنوں کے ساتھ مقابلہ جاری ہو، اس کےساتھی بھاگ جائیں مگر وہ سینہ سپر کئے دشمن کی طرف بڑھے یہاں تک کہ اسے فتح حاصل ہویا قتل ہوجائے۔
وہ اشخاص جنہیں خدا دشمن رکھتاہے، یعنی بوڑھا زانی، متکبر فقیر اور ظالم تونگر۔
1246. تین قسم کے لوگوں کو خدا دوست رکھتاہےاور تین قسم کے لوگوں کو دشمن رکھتاہے۔ وہ شخص جومیدانِ جنگ میں سینہ سپر ہوتاہے، اور دشمن کے ہاتھوں قتل ہوتاہے یا اپنے ساتھیوں کوکامیابی سے ہمکنار کرتاہے۔
ایک وہ شخص جو لوگوں کے ایک گروہ کےساتھ رات کے سفر پر نکلتاہے ، طویل راستہ طے کرنے کے بعد سب تھکاوٹ سے چُور ہوجاتے ہیں مگروہ اٹھتاہےاور نماز میں مشغول ہوتاہے یہاں تک کہ قافلہ والے جاگ جاتے ہیں اور ایک وہ شخص جسے اس کا ہمسایہ اذیت دیتاہے مگروہ صبر کرتاہے یہاں تک کہ سفر یاموت ان دونوں کو الگ کرے۔
اور خدا جن لوگوں کو دشمن رکھتاہے۔ قسمیں کھانے والاتاجر ، متکبر فقیر اور احسان جتانے والا بخیل ۔
1247. تین قسم کو لوگ خداوندِ عالم سے دعا مانگتے رہتے ہیں مگر ان کی دعائیں قبول نہیں ہوں گی۔ ایک وہ جس کی بیوی بدخلق ہے اور اپنی زبان سے اسے اذیت دیتی ہے ، وہ اسے طلاق نہیں دیتا۔ ایک وہ شخص جوکچھ مال کسی دوسرے کو دیتاہے مگر گواہ نہیں رکھتا۔ ایک وہ شخص جواپنامال چھچھورےکے حوالے کرتاہے ، جبکہ خداوندِ عالم نے فرمایا ہےکہ تم اپنا مال چھچھورےکے حوالے مت کرو۔
1248. تین آدمیوں کا خداوندِ عالم پر حق ہے کہ ان کی دعا مسترد نہ کرے۔ روزہ دار جب تک افطار نہ کرے، مظلوم جب تک اس کی مدد نہ ہو، مسافر جب تک (گھر) نہ لوٹے۔
1249. تین چیزیں ہر مسلمان پر لازم ہیں ۔جمعہ کے دن غسل ، مسواک اور خوشبو کا استعمال۔
1250. تین خصلتیں مرد مسلمان کی دنیا میں سعادت ہیں۔ نیک ہمسایہ، کشادہ گھر، خوش رفتار سواری۔
1251. تین صفات ایسی ہیں کہ اگر کسی میں ان میں سے ایک بھی موجود نہ ہو، تو ایسے آدمی سے کتابہتر ہے۔ پرہیزگاری، جو اسے محرمات سے بچائے، یا حلم ، جس کے ذریعے جاہل کی جہالت سے دفاع کرے یا ، حسنِ خلق ، جس کے ساتھ لوگوں کے درمیان زندگی گزارے۔
1252. تین دعاؤں کے قبول ہونے میں کوئی شک نہیں ۔ مظلوم کی دعا، مسافر کی دعا، باپ کی دعا بیٹے کے حق میں ۔
1253. تین چیزیں ایسی ہیں جن میں برکت ہے۔قرضہ میں بیچنا، ایک دوسرے کو قرض دینا، گھرکے استعمال کے لئے جَو اور گندم کو ملانا، فروخت کے لئے نہیں۔
1254. تین چیزوں میں تاخیر مت کرو۔ نمازجب اس کا وقت ہوجائے ، جنازہ جب تیار ہوجائے، بیوہ عورتوں کی شادی، جب کوئی ہم پلہ ملے۔
1255. تین چیزیں ایسی ہیں جنہیں ترک کرنے کی اجازت کسی کو نہیں ۔ والدین کی اطاعت، چاہےمسلمان ہویا کافر۔ وعدہ پوراکرنا، چاہے کافر کے ساتھ کیا ہو یا مسلمان کے ساتھ ۔ امانت کی ادائیگی ، چاہے مسلمان امانت رکھوائے یا کافر۔
1256. تین چیزوں کے بارے میں مذاق نہیں کرناچاہیے۔ طلاق، نکاح اور غلام کو آزادکرنے میں۔
1257. تین چیزیں میری امت کے ساتھ ساتھ ہوں گی۔ بدگمانی، حسد اور شگون لینا۔ جب تم گمان کرو تو اسے سچ مت جانو، جب حسد کروتو جلدی استغفراللہ پڑھو اور معافی چاہو اور شگون لے لوتوعمل مت کرو بلکہ اپنے کام کی طرف بڑھو۔
1258. تین چیزیں عرش پر معلق رہتی ہیں۔ قرابت کہتی ہے، خداوندِ عالم میں تیرے ساتھ ہوں ، کوئی مجھے قطع نہ کرے۔ امانت کہتی ہے ، خداوند میں تیرے ساتھ وابستہ ہوں ، کوئی خیانت نہ کرے۔ اور نعمت کہتی ہے ، خداوند میں تیرے ساتھ مربوط ہوں ، کوئی ناشکری نہ کرے۔
1259. تین چیزیں نیکی کے دروازوں میں سے ہیں۔ جان نثاری، کلام کی پاکیزگی اور اذیت پر صبر کرنا۔
1260. تین چیزیں ایمان کے اخلاق کی نشانی ہیں۔ جس کسی کو غصہ آئے تو اس کا غصہ باطل میں نہ ڈالے، جب خوش ہوتو اس کی خوشی اسے حق سے دور نہ کرے ، جب قدرت حاصل کرے تو جس چیز کا حقدار نہیں، ا س کی طرف ہاتھ نہ بڑھائے۔
1261. تین چیزیں ایمان کی نشانی ہیں۔ تنگ دستی کی حالت میں بھی خرچ کرنا، علماء کو سلام کرنا اور اپنی ذات کے مقابلے میں دوسروں کے ساتھ انصاف کرنا۔
1262. تین چیزیں جسے ملی ہیں، تو گویااسے وہ کچھ ملا ہےجو آلِ داؤد کو ملا ہے۔ خوشی اور غصے کی حالت میں عدل سے کام لے ، تونگری اور فقر کی حالت میں قناعت سے کام لے، اپنے باطن اور ظاہر میں خوفِ خدا رکھے۔
1263. تین چیزیں نجات کا باعث ہیں اپنی زبان کو قابو میں رکھو اپنے گناہوں پر رو اپنے گھر ہی رہو۔
1264. تین چیزیں ایمان کی حقائق میں سے ہیں۔ تنگدستی کے وقت خرچ کرنا، اپنے مقابل دوسروں سے انصاف کرنا، طالب علموں پر خرچ کرنا۔
1265. تین کام ایسے ہیں جنہیں خدا پر توکل کرتے ہوئے، ثواب کی خاطر کوئی شخص بجالائے، توخدا پر لازم ہے کہ اس کی مدد کرےاور اسے برکت دے۔
جوشخص خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے ثواب کی خاطر غلام کو آزاد کرنے کی کوشش کرے گا، تو خداوندِ عالم ہر لازم ہے کہ اس کی مدد کرے اور اس میں برکت دے۔
جوشخص خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے ثواب کی خاطر شادی کرے ، تو خداوندِ عالم پر لازم ہے کہ اس کی مدد کرے اور اس میں برکت دے۔
جوشخص خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے ثواب کی خاطربنجر زمین کو آباد کرے ، تو خدا پر لازم ہے کہ اس کی مدد اور اس میں اسے برکت دے۔
1266. تین کام ایسے ہیں جنہیں کوئی بجالایا، تو اس نے بڑا جرم کیا۔
جو راہِ حق کے علاوہ کسی اور مقصد کے لئے علم بلند کرے، والدین کی نافرمانی کرے یا ظالم کے ساتھ اس کی مدد کرنے کے لئے چلے۔
1267. تین چیزیں ایسی ہیں جو کسی میں پائی جائیں، تو جو خداوندِ عالم اسے اپنی پناہ میں جگہ دے گا، اس پر اپنی رحمت عام کرے گا اورجنت میں داخل کرے گا۔
جب دیا جائے تو شکر کرے ، جب قدرت حاصل کرے تو بخش دے ، جب غصہ آئے تو سستی سے کام لے۔
1268. تین چیزیں جس کسی کے پاس ہوں گی، تو گویااس کے ایمان کی خصلتیں کامل ہیں۔ جب خوش ہوتاہے تو اس کی خوشی اسے باطل میں داخل نہیں کرتی۔جب غصہ ہوتاہے تو اس کا غصہ اسےحق سے منحرف نہیں کرتا ۔ اور جب قدرت حاصل کرے تو دوسروں کے مال کی طرف ہاتھ نہیں بڑھاتا۔
1269. تین چیزیں جس کسی میں ہوں گی، ثواب کا مستحق ہوگا اور اس کا ایمان کامل ہوگا۔
اخلاق ، جس کے ذریعے لوگوں کے ساتھ زندگی گزارتاہے۔
پرہیزگاری، جس کی بناء پر حرام چیزوں سے بچتاہے۔
بردباری، جس کے ذریعے جاہل کے جہل سے دوری رکھتاہے۔
1270. تین باتیں جس میں ہوں، وہ اس عرش الہٰی کے زیرِ سایہ ہوگا، جس دن سوائے اس کے، اور کوئی سایہ نہ ہوگا۔ مشکلات کے باوجود وضو کرنا، رات کے اندھیروں میں مساجد کی طرف چلنا اور بھوکوں کوکھانا کھلانا۔
1271. تین باتیں جس کسی میں ہوں گی، خداوندِ عالم اس سےآسان حساب لے گا اور اپنی رحمت سےاسے جنت میں داخل کرےگا۔
جو اسے محروم کرے، اسےدےدے۔ جو اس پرظلم کرے ، اسے معاف کردے۔ جو اس سے قطع تعلق کرے ، اس کے ساتھ صلہ رحمی کرے۔
1272. جس کسی میں تین باتیں ہوں، تو خداوندِ عالم اس کے تمام گناہوں کو بخش دے گا۔
جو اس حالت میں مرجائے کہ کسی کو اللہ کا شریک نہ ٹھہراتاہو، جادوگر نہ ہو کہ دوسرے جادوگر اس کی پیروی کریں، اپنے کسی بھائی سے کینہ نہ رکھے۔
1273. تین چیزیں جس کسی میں ہوں، وہ نیک لوگوں میں سے ہیں۔ اللہ کے فیصلوں پر راضی رہنا، حرام چیزوں سے صبر کرنا، اور اللہ کی خاطر غصہ کرنا۔
1274. تین چیزیں جس کسی میں ہوں، وہ منافق ہے۔ چاہے وہ نمازیں پڑھے، روزے رکھے اور حج و عمرہ بجالائے اور کہے کہ میں مسلمان ہوں۔
جب بات کرے تو جھوٹ بولے، وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے،جب امانت رکھی جائے تو خیانت کرے۔
1275. تین باتیں جس کسی میں ہوں گی، ان کا وبال خود اس کی طرف لوٹے گا۔بغاوت، فریب اور وعدہ خلافی۔
1276. تین چیزیں جس کسی میں ہوں گی، خداوندِ عالم اسے اپنی پناہ میں جگہ دے گا اور اسے جنت میں داخل کرے گا۔ کمزوروں کے ساتھ نرمی برتے، والدین کے ساتھ نیکی کا سلوک کرے، اور زیردستوں اور غلاموں پر احسان کرے۔
1277. تین چیزیں جس کسی میں پائی جائیں گی، وہ ایمان کی مٹھاس پائےگا۔ خدا اور رسول(ص) کو دوسری تمام چیزوں سے زیادہ محبوب رکھے۔
دوسری یہ کہ دوسروں کو خدا کی خاطر دوست رکھے۔
تیسری یہ کہ کفر ، جس سے خدا نے نجات دی ہے، کی طرف لوٹنے کو اس طرح سمجھے ، جس طرح آگ میں گرپڑنے کو برا سمجھتاہے۔
1278. جس کسی میں تین باتیں ہوں ، وہ بخل سے بچا۔ جو زکٰوۃ ادا کرے، مہمان بلائے اور تنگی میں خرچ کرے۔
1279. تین چیزیں نیکی کے خزانوں میں سے ہیں۔
صدقہ چھپا کر دینا، مصیبت چھپانااور شکایت کو مخفی رکھنا۔ خداوندِ عالم فرماتاہے : جب میں اپنے کسی بندے کو مصیبت میں مبتلا کرتاہوں، تو وہ صبر کرتاہے اور میری عبادت کرنے والوں سے میری شکایت نہیں کرتا ، تو میں اس کے گوشت کے بدلے بہترین گوشت دیتاہوں اور اس کے خون سے بہترین خون دیتاہوں، اگر اسے شفاء دی، تو اس طرح شفاء دوں گا کہ اس کے ذمے کوئی گناہ نہیں ہوگا، اگر وفات پائے گا میری رحمت موجود ہے۔
1280. نیکی کے خزانوں میں سے تین یہ ہیں۔
درد، بلاؤں اور مصیبتوں میں صبر کرنا، جس کسی نے شکایت کی ، اس نے صبر نہیں کیا۔
1281. تین باتیں جس کسی میں نہ ہوں ، تو اس کا عمل مکمل نہیں ہوتا۔پرہیزگاری، جس کی بناء پر گناہوں سے بچارہے۔ اچھے اخلاق ، جس کے ساتھ لوگوں سے پیش آئے اور بردباری ، جس کے ذریعے جاہلوں کی جہالت کے خلاف دفاع کرے۔
1282. تین چیزیں دنیا وآخرت میں نیک اخلاق میں شامل ہیں۔ جو تم پر ظلم کرے، اسے معاف کرو۔ جو تجھ سے کٹ جائے، اس کے ساتھ صلہ رحمی کرو۔ جو تیرے ساتھ جہالت کا ارتکاب کرے ، اس کے ساتھ بردباری سے پیش آؤ۔
1283. تین چیزیں دنیا کی نعمتوں میں سے ہیں، اگرچہ دنیا کےحصے میں کوئی نعمت نہیں۔ خوش رفتار سواری، نیک بیوی اور کشادہ گھر۔
1284. تین چیزیں ہلاک کرنے والی ہیں اور تین چیزیں نجات دینے والی ہیں۔ ہلاکت میں ڈالنے والی تین یہ ہیں: ایسا بخل جس کی اطاعت کی جائے، خواہش جس کی پیروی کی جائے، انسان دوسروں سے اپنے کو برتر سمجھے۔ اور نجات دینے والی چیزیں یہ ہیں : اعلانیہ اور پوشیدہ طور پر خوفِ خدا رکھنا، تونگری اور فقیری میں قناعت کرنا،غصہ اورخوشی کی حالت میں عدل کرنا۔
1285. تین چیزیں نظر کو تیز کرتی ہیں۔ سبزے کی طرف دیکھنا، جاری پانی کی طرف دیکھنا اور خوبصورت چہرے کی طرف دیکھنا۔
1286. تین چیزیں ایسی ہیں، جن کے ہونے کی بناء پر ایک شخص دنیاوآخرت کی خواہشات کو پورا کرسکتا ہے۔ مصیبت پر صبر کرنا، خدائی فیصلوں پر راضی ہونا اور تونگری کی حالت میں دعا مانگنا۔
1287. تین چیزیں دوست کی محبت کو خالص کرتی ہیں۔
جب ملاقات کرو تو سلام کہو، مجلس میں اسے جگہ دو اور اسے اس کے پسندیدہ نام سے پکارو۔
1288. قیامت کے دن آٹھ قسم کے افراد خدا کی مخلوق میں سے ایسے ہیں، جن سے سب سے زیادہ نفرت کی جائے گی۔ بہت جھوٹ بولنے والے، تکبر کرنے والے، اپنے بھائیوں کے لئے دل میں کینہ رکھنے والے، جس وقت انہیں دیکھتے ہیں تو کشادہ روی سے پیش آتے ہیں، اور خدا ورسول (ص) کی طرف بلائے جائیں تو سستی کرنے والے، جب شیطان کی طرف بلائے جائیں تو جلدی کرنے والے۔ جب کسی دنیاداری چیز کی خواہش کریں، تو قسمیں کھاکھاکر اسے حاصل کرنے والے، چاہے مستحق نہ بھی ہوں۔ چغلی کھانے والے، جو بھائیوں کے درمیان جدائی ڈالتے ہیں ، بے گناہ کمزوروں پر ظلم کرنے والے۔ خداوندِ عالم ایسےلوگوں کو نجس ترین شمار کرے گا۔
1289. شراب کی قیمت حرام ہے ، زناکار کی مہر حرام ہے، کتے کی قیمت حرام ہے، شطرنج حرام ہے۔ اگر کتے کا مالک تیرے پاس آئے ، تو اس کے ہاتھوں کو مٹی سے بھردو۔ شراب اور جوا حرام ہیں اور ہر نشہ آور چیز حرام ہے۔
1290. اپنی وصیت میں اپنے مال کا صرف تیسرا حصہ دوسروں کو دے دو۔ تیسرا حصہ بہت زیادہ ہے۔
اگر تم وارثوں کو بے نیاز چھوڑوگے، تو اس سے بہتر ہے کہ انہیں محتاج کرکے چھوڑو۔
تم کوئی خرچ خدا کی راہ میں نہیں کرتے ، مگر یہ کہ اس کے بدلے تمہیں اجر ملتاہے، یہاں تک کہ اپنی بیوی کو غذا کھلاتے ہو، تو وہ بھی ثواب رکھتاہے۔
1291. عورت اپنے معاملے میں ولی کی نسبت زیادہ مقدم ہے، لیکن باکرہ لڑکی کو اپنے بارے میں اپنے باپ سے اجازت لینی چاہیے۔ لڑکی کی رضامندی ، اس کی خاموشی ہے۔