Generic selectors
Exact matches only
Search in title
Search in content
Post Type Selectors
post
Home / Library / نہج الفصاحہ

نہج الفصاحہ

نہج الفصاحہ

ق

2061. ایک دوسرے کے قریب ہوجاؤ اوراپنی درستی کرو کسی مسلمان پر جب بھی مصیبت پڑتی ہے وہ اس کے لئے کفارہ ہوتاہے یہاں تک کہ  اگر  اس کے پاؤں میں کانٹا چھب جائے تو وہ بھی کفارہ ہے۔

2062. دوقسم کے قاضی جہنم میں ہیں اور ایک قاضی جنت میں ہے۔ ایک قاضی وہ جس نے حق کو پہچان کرفیصلہ کیا، تووہ جنت میں جائے گا۔ ایک قاضی وہ جو حق کو پہچان کر عمداً ظلم پر مبنی فیصلہ کرے،یاوہ جوبغیر  معرفت کے فیصلہ کرے ، تویہ دونوں جہنم میں جائیں گے۔

2063. خداوند عالم نے فرمایا:جومیرے فیصلے پر راضی نہ رہے اور نہ میری طرف سے واقع مصیبت پر صبر کرے ، تواسے چاہیے کہ میرے علاوہ اور کوئی پروردگار تلاش کرے۔

2064. خداوند عالم نے فرمایا:جب میرا ایک بندہ ایک نیکی کا ارادہ کرتاہے اور اس پر عمل نہیں کرتا، تو اس کے لیے ایک نیکی لکھی جاتی ہے۔اگرعمل بھی کرتا ہے تواس کے نامہ اعمال میں دس  نیکیاں لکھی جاتی ہیں اور بعض وقت  سات سو گنا اضافہ ہوتاہے اور جب کسی بدی کا ارادہ کرتاہے تو کچھ نہیں لکھاجاتا لیکن اس پر عمل کرتاہے تو صرف ایک گناہ اس کے نامہ اعمال میں لکھاجاتاہے۔

2065. خداوند عالم فرماتا ہےکہ بنی آدم زمانے کو گالی دیتے ہوئے مجھے اذیت پہنچاتاہےکیونکہ میں ہی زمانہ ہوں ، حکم میراہی چلتاہے، دن اوررات کو میں ہی بدلتاہوں۔

2066. خداوند عالم فرماتا ہے: اس سے بڑھ کر ظالم اور کون ہوسکتاہےجو میری جیسی مخلوق بنانے میں لگے۔ پہلے وہ ایک دانہ گندم یاایک دانہ جو یاایک ذرہ ہی بناکردکھائے۔

2067. خداوند عالم فرماتا ہے: جب میرا کوئی بندہ میری طرف ایک بالشت بڑھتاہے، تو میں اس کی طرف ایک ہاتھ بڑھتاہوں اور جب وہ میری طرف ایک ہاتھ بڑھتاہے تو میں ایک گز بڑھتاہوں، اور جب میرابندہ میری طرف چلنے لگتاہے تو میں اس کی طرف دوڑنے لگتاہوں۔

2068. خداوند عالم نے فرمایا ہے: میں تمام شرکاء میں سے کسی بھی شریک سے بے نیاز تر ہوں اور کوئی شخص کسی عمل کو بجالاکر اس میں کسی کو میرا شریک ٹھرائے، تو میں اسے اسی شریک کے ساتھ چھوڑدیتاہوں۔

2069. خداوند عالم نے فرمایا: کبریائی میری ردا ہے۔ جومیری ردا کے بار ے میں مجھ سے جھگڑاکرےگا، تومیں اسے توڑ کے رکھ دوں گا۔

2070. خداوند عالم نے فرمایا: میرا جوکوئی بندہ میری عبادات بجالاتاہے، ان سب میں سے مجھے اس کا خلوص محبوب ہے۔

2071. خداوند عالم نے فرمایا: میں جب، کوئی مصیبت ، اپنے کسی بندے کے جسم ،  مال یااولاد پر نازل کرتاہوں اور میراوہ بندہ صبرجمیل کے ساتھ اس کا سامنا کرتاہے، تو مجھے اس کے بارے میں قیامت کے دن شرم آتی ہےکہ اس کےلئے میزان نصب کروں اور اس کے نامہ اعمال کوکھولوں ۔

2072. خداوند عالم نے فرمایا: میں اپنے بندے کے گمان کے مطابق ہوں۔ اگروہ اچھاگمان رکھتاہے تو اس کے لئے اچھائی ہے۔ اگربراگمان رکھتاہے ، تو اس کے لئے برائی ہے۔

2073. خداوند عالم نے فرمایا: جویہ یقین رکھے کہ میں گناہوں کو معاف کرنے کی قدرت رکھتاہوں، تو میں اس کی مغفرت کروں گا، مگر یہ کہ اس نے میرے ساتھ کسی کوشریک نہ جاناہو۔

2074. خداوند عالم نے فرمایا: میرا عفوا س سے زیادہ عظیم اور مہربان تر ہے کہ میں جب اپنے بندوں کی دنیامیں پردہ پوشی کرتاہوں، تو اس کے بعد (قیامت میں) کیونکر رسوا کروں۔ جب تک میرا ایک بندہ طلبِ مغفرت کرتارہے، میں معاف کرتارہوں گا۔

2075. خداوند عالم نے فرمایا: مجھے اپنی عزت وجلالت کی قسم ہے کہ میں اپنے کسی بندے میں دوامن یادوخوف یکجانہیں کرتا۔ اگروہ دنیا میں مجھ سے بے خوف رہا، تومیں اس دن ، جس دن اپنے بندوں کوجمع کروں گا، اسے خوفزدہ کروں گا اور اگر وہ دنیامیں مجھ سے خوف کھاتا رہاہے تو میں اس دن اسے  امان دوں گا۔

2076. خداوند عالم نے فرمایا: اے بنی آدم! تین باتوں میں سے ایک میرے لئے ، ایک تیرے لئے اور ایک میرے اور تیرے درمیان ہے۔ وہ ایک جوصرف میرے لئے ہے ، وہ یہ ہے کہ تم صرف میری عبادت کرواور میرے ساتھ کسی کو شریک نہ مانو اور وہ چیز جو تیرے لئے ہے ، جوکچھ بھی عمل  تو  کرے گا، تیرے لئے ہے کیونکہ اس کی جزا میں دوں گا اور اگربخش دوں ، تو میں غفور الرحیم ہوں۔ اور وہ چیز جومیرے اور تمہارے درمیان ہے، وہ یہ ہے کہ دعا مانگناتم پر  اور اس کی قبولیت مجھ پر لازم ہے۔

2077. خداوند عالم نے فرمایا: جومجھ سے دعانہیں مانگے گا، میں اس پر غضبناک ہوں گا۔

2078.اے فرزندِ آدم! تمہیں تمہارے ہر دن کا رزق دیاجاتاہے مگر تم غمگین رہتے ہواور تمہاری عمر کا ایک دن  ہر روز کم ہورہاہے مگرتم خوش ہوتے ہو۔ تم اس قدر رکھتے ہو جو تمہارے لئے کفایت کرے ، مگر تم اس قدر کے طلب گار رہتے ہوجوتمہیں بغاوت پرابھارے ۔ کم پر تم قناعت نہیں کرتے اور نہ زیادہ سے شکم سیر ہوتے ہو۔

2079. حضرت داؤدؑ نے فرمایا: اے گناہوں کے بونے والے، اس کے کاٹنے بھی تم نے ہی کاٹنے ہیں۔

2080. حضرت داؤدؑ نے فرمایا: تم اپنا ہاتھ کہنیوں تک ازدھے کے منہ میں ڈالو، اور وہ اسے چباڈالے، تو یہ اس سے بہتر ہے کہ تم کسی نودولئے سے مانگنے لگو۔

2081. کسی مسلمان سے قتال (جنگ) کرنا کفر ہے ، اسے گالی دینا فسق ہے اور کسی مسلمان کے لئے جائز نہیں کہ تین دن تک کسی بھائی سے ناراض ہوکر جدا رہے۔

2082. بس اس نے فلاح پائی ، جس نے اپنے دل کو ایمان کے لئے خالص کیا اور اسے اطاعت گزار بنایا، زبان کو سچی بنایا، نفس کومطمئن رکھا اور جس کے اخلاق صحیح اورد رست ہوں، کان سننے والے ہوں اور دیکھنے والی ہوں۔

2083. پس اس نے فلاح پائی ، جسےعقل دی گئی۔

2084. کسی چیز کا قرض میں دینا، اس کے صدقے میں دینے سے افضل ہے۔

2085. دودفعہ قرض میں دینا، ایک دفعہ میں صدقے دینے سے افضل ہے۔

2086. خدا کی قسم ، کوئی بخیل جنت میں داخل نہیں ہوسکتا۔

2087. کہہ دیجئے خداوندا! میرے باطن کو میرے ظاہر سے اچھا بنااور میرے ظاہر کواچھا بنا۔ خداوندا، تونے لوگوں کوجومال ، اولاد اور اہل وعیال دیئے ہیں، میں ان میں سے صالح اور نیک کا سوال کرتاہوں، جو نہ خود کو گمراہ ہوں اور نہ گمراہ کرنے والے ہوں۔

2088. کہہ دیجئے خداوندا!  میں تجھ سے ایک مطمئن نفس کا سوال کرتاہوں، جو تیری ملاقات پر ایمان رکھے، تیرے فیصلوں پر راضی رہے اور تیری عطاؤں پر قناعت اختیار کرے۔

2089. بوڑھے آدمی کادل دوچیزوں کی محبت میں جوان ہوتاہے۔  زندگی اور مال ۔

2090. شکرگزار دل ، ذکر کرنے والی زبان، صالح بیوی  جوتیرے دین اوردنیا میں تیری مدد کرے، یہ ان تمام چیزوں سے افضل ہیں جنہیں لوگ ذخیرہ کرتے ہیں۔

2091. وہ دل جس میں کوئی حکمت نہ ہو، کسی ویران گھر کی مانند ہے۔پس تم علم حاصل کرو،علم سکھاؤ اور دینی سمجھ حاصل کرو اور جاہل بن  کر مت  مرو اورنہ اپنی جہالت کے بہانے پیش کرو۔

2092.بہت کم فقہ کا جاننا، زیادہ عبادات کے بجا لانے سے اچھا ہے۔ کسی شخص کی دینی سمجھ کے لئے اتنا کافی ہے کہ وہ عبادت بجالاتاہے تو سمجھ کر بجا لاتاہے۔

2093. اور کسی شخص کی جہالت کا پتہ دینے کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ  عبادت بجالاتاہے تواپنی رائے کاپابند ہوتاہے۔ بے شک لوگوں کی دوقسمیں ہیں۔ مومن اور جاہل۔ پس تم کسی مومن کو اذیت مت دو اورجاہل پرظلم  نہ کرو۔

2094. زیادہ عقل سے کم توفیق اچھی ہے اور عقل دنیامیں کاموں کے لئے  نقصان کا باعث اور آخرت کے امور کے لئے مسرت کا باعث ہے۔

2095. علم کے ساتھ  تھوڑا عمل بھی فائدہ مند ہے اور جہالت کے ساتھ بہت سارا  عمل بھی فائدہ نہیں دیتا۔

2096. وہ کم جس کا شکر تم ادا کرسکتے ہو، اس زیادہ سے بہتر ہے جس کا شکریہ تم ادانہ کرسکو۔

2097. اہل وعیال کی کمی،دوآسانیوں میں سے ایک ہے۔

2098. حق بات کہو، چاہے تلخ ہی کیوں ہو۔

2099. اچھی بات کہوتاکہ فائدہ پاؤ اور بری بات سے خاموش رہو، تاکہ سلامت رہو۔

2100. مرد کی حیثیت اس کی عقل ہے اور جس کی عقل نہ ہو اس کا کوئی دین نہیں۔

2101. اپنے اموال کے ذریعے اپنی آبرو کی حفاظت کرو۔

2102. علم کو کتابت کے ذریعے قید کرو۔

2103. (اونٹ کو) نکیل لگاؤ، پھر توکل کرو۔

2104. قبر ، آخرت کی منزلوں میں سے پہلی منزل ہے۔

2105. قرآن علاج ہے۔

2106. قرآن ایک ایسی تونگری ہے، جس کے بعد کوئی فقر نہیں آسکتا اور نہ اس کے علاوہ اور کوئی تونگری ہے۔

2107. دل ایک بادشاہ ہے اور اس کےکئی لشکر ہیں۔ جب بادشاہ درست رہتاہے توتمام لشکر بھی درست رہتے ہیں۔ جب بادشاہ بگڑجاتاہے ، تو اس کے تمام لشکری بھی بگڑجاتے ہیں۔

2108. قناعت ایک ایسی دولت ہے ، جو ختم ہونے والی ہے۔

Generic selectors
Exact matches only
Search in title
Search in content
Post Type Selectors
post