نہج الفصاحہ
ف
2042. نیک کام کرنے والا اس نیکی سے اچھا ہے اور برائی کا ارتکاب کرنے والا اس برائی سے براہے۔
2043. خداوندِ عالم نے ہر بندے کی موت ، رزق ، قبر کی جگہ اس کی بدبختی اور نیک بختی کو پہلےسے ہی مقرر کیا ہوا ہے۔
2044. خداوندِ عالم نے ہر بندے کا عمل ، اس کی قبر اور رزق کو پہلے سےہی مقرر کیاہوا ہے اور ہرگز اس میں تبدیلی نہیں ہوگی۔
2045. بنی آدم کی چار چیزیں پہلے سے ہی مقرر ہوگئی ہیں ۔ موت ، شکل ، سیرت اور رزق۔
2046. ایک نوجوان عبادت گزار کوبوڑھے عبادت گزار پرا س طرح فضیلت حاصل ہے جیسے انبیاء کو تمام لوگوں پر حاصل ہے۔
2047. علم کی فضیلت عبادت کی فضیلت سے بڑھ کر ہے۔
2048. عالم کو عابد پر ایسی ہی فضیلت حاصل ہے جیسے مجھے اپنی امت پر حاصل ہے۔
2049. عالم کو عابد پر ایسی ہی فضیلت حاصل ہے جیسی فضیلت مجھے تمہارے ادنٰی ترین آدمی پر حاصل ہے۔ بےشک خداوند عالم ، اس کے ملائکہ اور زمین وآسمان کے باسی یہاں تک کہ چیونٹی اپنے سوراخ میں لوگوں کو نیکی کی تعلیم دینے والے کے حق میں دعا کرتی ہے۔
2050. عالم کو عابد پر اس طرح فضیلت حاصل ہے جیسے چودھویں کے چاند کو دوسرے ستاروں پر حاصل ہے۔
2051. عالم کو عابد پر ستر درجے فضیلت حاصل ہے ہر دودرجوں کافاصلہ آسمان اور زمین کے درمیان جتنا ہے۔
2052. عالم کودوسرے افراد پراسی طرح فضیلت حاصل ہے جیسےکسی نبی کو اپنی امت پرحاصل ہوتی ہے۔
2053. دنیا کی رسوائی آخرت کی رسوائی سے آسان ہے۔
2054. ایک فقیہ شیطان کے لئے ہزار عابدوں سے زیادہ بھاری ہے۔
2055. ایک گھنٹے تک غوروفکر کرناستر سال کی عبادت سے بڑھ کر ہے۔
2056. جنت میں وہ چیزیں ہیں جسے نہ تو انسان کی آنکھ نے دیکھاہواور نہ کان سے سناہو اور نہ اس کےوہم وگمان میں آئی ہوں گی۔
2057. مسواک کے آٹھ فائدے ہیں منہ کو پاک کرتاہے،مسوڑھوں کو مضبوط کرتاہے، بینائی میں اضافہ کرتاہے،بلغم دور کرتاہے، فرشتوں کوخوشحال کرتاہے، پروردگار کو راضی کرتاہے،نیک اعمال میں اضافہ کرتاہےاور معدہ کودرست کرتاہے۔
2058. خدا کی رحمت سے امید رکھنے والافاسق وفاجر اس عابد سے افضل ہے جو خدا سے مایوس ہے۔
2059. فقرایک امانت ہے جس نے اسے چھپاکررکھاتو یہ عبادت ہے۔
2060. فقر لوگوں کے نزدیک باعثِ ننگ وعار ہے لیکن قیامت کے دن خدا کے ہاں زینت کا باعث ہوگا۔